مشائخ طریقت کے دربار میں
الحمد لله ربّ العالمين والصلوات والتسليمات على أنبياء الله
أجمعين، أما بعد:
دینِ اسلام صرف زبانی باتوں کا نام ہے اور نہ ہی نیرے نظریات وافکار سے عبارت ہے، بلکہ ایک مکمل جامع ، متوازن اور مناسب ضابطہ حیات ہے جو اللہ تعالی نے انسانیت کے لئے مقرر فرمایا ہے ، یہ ضابطہ حیات ایسا ہے جو اپنے حسین دامن میں عقائد و نظریات، اخلاق و عادات اور اعمال و کردار کا ایک پورا اور مکمل نظام رکھتا ہے، ان میں سے کوئی جزء بھی نہ ہو تو دین اسلام مکمل نہیں ہو سکتا۔
یوں تو اس دین کا ہر ہر حصہ بلکہ ہر ہر حکم اپنی جگہ نہایت اہمیت کا حامل ہے لیکن اخلاق کو اس میں خصوصی حیثیت حاصل ہے ، تصوف وسلوک کا ایک بڑا مقصد اسی حصہ کی درستگی اور بہتری ہے، اخلاق کی اصلاح و تعمیر سے دین اسلام کی باقی تعلیمات و ہدایات پر بھی دلی اطمینان کے ساتھ عمل کرنے اور انہی کی روشنی میں زندگی گزارنے کی توفیق نصیب ہو جاتی ہے۔
اس شعبہ کی تعمیر و ترقی میں بزرگان دین کی صحبت کو جو کلیدی کردار اور مرکزی حیثیت حاصل ہے ، وہ اہل نظر سے پوشیدہ نہیں ہے ، ان کے ملفوظات پڑھنا بھی ان کی ” معنوی صحبت ” کے مترادف ہے ، یہ کتاب اسی صحبت کو عام کرنے کی ایک کوشش ہے۔
کتاب کی تیاری میں بڑی محنت کی گئی ہے، اصل مصادر سے ملفوظات جمع کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ان مصادر میں سے بہت سے اقوال اور واقعات ایسے ہیں جو “شطحیات ” کی قبیل سے ہیں، بعض ایسے بھی ہیں جن میں روایت کرنے والے یا جمع کرنے والے سے غلطی ہوئی اور اس غلطی کے نتیجے میں ان بزرگان کی جانب کوئی ایسا قول / واقعہ منسوب ہو گیا جو شرعی تعلیمات سے متصادم ہے، اس لئے ملفوظات کے انتخاب میں اپنی حد تک احتیاط سے کام لیا گیا، جہاں وضاحت کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی ، وہاں بقدرِ ضرورت وضاحت کرنے کی کوشش کی گئی۔ ملفوظات ذکر کرنے سے پہلے چاروں مشائخ کا مختصر تعارف اور ان کی بنیادی صفات و خصوصیات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے تاکہ اس ناکارہ کے سامنے بھی نمونہ عمل واضح ہو اور معزز قارئین کو بھی ان عملی نمونوں سے استفادہ کرنے میں آسانی پیدا
ہو۔ اللہ تعالی حقیر کی اس طالب علمانہ کام کو محض اپنے فضل وکرم سے قبول فرمائیں ، وہ بہت ہی قدر داں اور نہایت ہی رحم و کرم والا ہے۔
ناکارہ عبید الرحمن
دار الافتاء والارشاد، مردان
۲۳ ذی القعدة ۴۵ھ
Mashaikh e Tariqat ke Darbar mein
By Mufti Ubaid ur Rahman
Read Online
Download (1MB)
Discover more from Islamic Books PDF
Subscribe to get the latest posts sent to your email.
